کاروار21/ڈسمبر (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے انکولہ نیشنل ہائی وے پر بس اور بائک کے درمیان ہوئی ٹکر میں بائک سوار کی موقع پر ہی موت واقع ہونے کے بعد بس موقع پر سے فرار ہوگئی، جس پر عوام مشتعل ہوگئے۔
حادثہ جمعہ کی شب قریب آٹھ بجے پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے کی شناخت اُسی علاقے کا رہائشی چندرشیکھر آگیر (45) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بس کے فرار ہونے کے بعد عوامنے نیشنل ہائی وے کو بلاک کردیا، احتجاجیوں نے نیشنل ہائی وے کا کام کرنے والے آئی آر بی کمپنی کی لاپروائی کو بھی حادثے کے لئے ذمہ دار قرار دیا۔
بتایا گیا ہے کہ انکولہ کے پرلکّی نامی مقام پر پرائیویٹ بس کی ٹکر میں بائک سوار کی موت واقع ہونے کے بعد عوام کافی بڑی تعداد میں جمع ہوگئی ان کا الزام تھا کہ آئی آر بی کمپنی نے ہائی وے کو فور لائن میں تبدیل کرنے کے نام پر سڑک پر جابجا رکاوٹیں کھڑی کی ہیں اور کام جاری ہونے کی وجہ سے کئی جگہوں پر اچانک سڑک گھوم جانے سے رات کے اوقات میں ڈرائیوروں کو پتہ ہی نہیں چلتا کہ سواری کو کس طرف گھمانا ہے ۔اس موقع پر ضلعی ایس پی ونائک پاٹل بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے، جو غالباً اُس راستے سے گذر رہے تھے، انہوں نے عوام کو سمجھا بجھا کروہاں سے روانہ کردیا اور ہائی وے کو سواریوں کے لئے کھول دیا۔
حادثے کے تعلق سے انکولہ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے، پولس چھان بین کررہی ہے۔

